PTI حکومت آئینی طریقے سے ہٹائی گئی، عالمی انسانی حقوق پر امریکی رپورٹ

March 21, 2023

واشنگٹن (جنگ نیوز) عالمی انسانی حقوق پر امریکی انتظامیہ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئینی طریقے سے ہٹائی گئی اور آئینی طریقے سے شہباز شریف کی قیادت میں مخلوط حکومت بنائی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، آزادی اظہار و صحافت پر پابندیاں مودی حکومت میں جاری ہیں۔امریکی انتظامیہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کارروائیاں گزشتہ سال بھی ہوتی رہیں، مودی حکومت میں پولیس تشدد اور ماورائے عدالت قتل ہوئے۔ پاکستان کے حوالے سے امریکی انتظامیہ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رہیں، انسانی حقوق کے نمائندے ادریس خٹک کو سزا دی گئی اور سابق وزیر اعظم کے قریبی ساتھیوں نے ٹارچر کا دعویٰ کیا۔