صفائی نصف ایمان مہم، 2ہفتوں میں 2لاکھ ٹن کوڑا ٹھکانے لگایا گیا

March 21, 2023

لاہور(خصوصی رپورٹر)نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صوبے بھر میں 2 ہفتے تک صفائی نصف ایمان مہم چلانے اور اسے کامیاب بنانے پروزیر بلدیات ابراہیم مراد اوران کی ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب میں خصوصی صفائی مہم چلا کر مثال قائم کی گئی ہے۔ وزیر بلدیات کی طرف سے15دن تک جاری رہنے والی صفائی مہم مکمل ہونے پر رپورٹ جاری کر دی گئی-مہم پنجاب کے تمام اضلاع ، تحصیلوں ،قصبوں اور دیہات میں جاری رہی۔2 ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر2 لاکھ ٹن سے زیادہ کوڑا ٹھکانے لگایا گیا۔ اس کے علاوہ سڑکوں کے کنارے پڑا ہوا تقریباً 39ہزار ٹن ملبہ بھی اٹھایا گیا- پنجاب بھر کی یونین کونسلوں میں تقریباً 60ہزارآگاہی کیمپ لگائے گئے اور 12 ہزار سے زیادہ زیرو ویسٹ سرگرمیاں کی گئیں۔مہم کے دوران 12 ہزار سے زیادہ چوکوں چوراہوں کی صفائی کی گئی ہے۔تقریباً 10 ہزار پسماندہ علاقوں اور آبادیوں میں صفائی کی گئی۔تقریبا سوا6 ہزار کلومیٹر لمبی سیور لائنوں کی صفائی کی گئی ہے۔ 2ہفتوں کے دوران 5 ہزار سے زیادہ مین ہولز کوور کر دیے گئے۔پنجاب کے مختلف شہروں اورقصبوں میں واقع 3 ہزار 651 بس اڈوں کی صفائی کی گئی -شہریوں کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور ماحول کی و صاف ستھرا رکھنے کی ترغیب دینے کے لئے6 ہزار سے زیادہ کارنر میٹنگز منعقد کی گئیں۔سکولوں کے بچوں کو صفائی کی اہمیت بتانے کے لئے3ہزار سرگرمیاں کی گئیں۔