دنیا بھر میں آج نسلی امتیاز کے خاتمے کا دن منایا جا رہا ہے

March 21, 2023

فائل فوٹو

دنیا بھر میں آج نسلی امتیاز کے خاتمے کا دن منایا جا رہا ہے۔

1960 میں آج ہی کے دن پولیس نے جنوبی افریقا کے علاقے شارپ ویل میں نسل پرستی کے قانون کے خلاف ایک پرامن مظاہرے پر گولی چلائی تھی جس سے 69 افراد ہلاک اور 180 زخمی ہوئے تھے۔

1966 میں اس دن کا اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عالمی برادری سے ہر قسم کے نسلی امتیاز کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کو دگنا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب اس دن کے حوالے سے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ جدید یورپ، تنوع قوموں کو اکٹھا کرنے اور تقسیم پر قابو پانے پر بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی بنیاد نسلی امتیاز کے خلاف ایک مضبوط قانونی فریم ورک پر رکھی گئی ہے تاہم اس میں مسلسل تحفظ اور فروغ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین تمام وسائل کے ساتھ اپنی سرحدوں کے اندر نسل پرستی اور نسلی امتیاز کا مقابلہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

جوزپ بوریل نے کہا کہ ہم تمام شراکت داروں کے ساتھ دوطرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر بھی کام کریں گے تاکہ سب کے لیے انسانی حقوق کو فروغ دیا جا سکے جیسا کہ UDHR میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ نسل پرستی کے خلاف جنگ ایک قانونی، سیاسی اور اخلاقی فریضہ ہے کیونکہ تمام انسان بغیر کسی امتیاز کے ہر جگہ ہر وقت تمام انسانی حقوق کے حقدار ہیں۔