کریڈٹ سوئس کا سورج غروب حریف بینک نے خرید لیا

March 22, 2023

کرائسٹ چرج (اے پی پی)سوئٹزرلینڈ کے سب سے بڑے بینک، یو بی ایس نے کریڈٹ سوئس کو3 بلین سوئس فرانک ( 3.24بلین ڈالر ) میں خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، حکام کے مطابق عالمی مالیات پر اعتماد کے بڑھتے ہوئے بحران پر قابو پانے کیلیے ڈیزائن کیے گئے معاہدے کے تحت سوئس مرکزی بینک سے یو بی ایس اور کریڈٹ سوئس کے لیے 100 بلین فرانک (108 بلین ڈالر) کی لیکویڈیٹی پر مشتمل امداد بھی شامل ہے۔سوئس مرکزی بینک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس غیر معمولی صورتحال میں مالی استحکام اور سوئس معیشت کی حفاظت کیلیے ایک حل کے طور یو بی ایس، کریڈٹ سوئس کا کنٹرول حاصل کر رہا ہے۔ سوئس حکومت نے کہا ہے کہ یو بی ایس کو کریڈٹ سوئس پر قبضہ کرنے کے قابل بنانے کیلیے وفاقی حکومت پورٹ فولیو کے واضح طور پر بیان کردہ حصے کیلیے زیادہ سے زیادہ 9 بلین فرانک (9.7بلین ڈالر) کے نقصان کی ضمانت فراہم کر رہی ہے۔ کریڈٹ سوئس 167 سال پرانا بینک ہے جو ریاست ہائے متحدہ کے 2 بینکوں سلیکون ویلی بینک اور سگنیچر بینک کے حالیہ دیوالیہ ہونے کے بعد مارکیٹ میں بڑے نام کے طور پر سامنے آیا ہے۔ سوئس فنانشل مارکیٹ سپروائزری اتھارٹی(فنما) نے کریڈٹ سوئس کے حریف بینک یو بی ایس کو 60 فیصد کی رعایت کے ساتھ سوئس بینک کا انتظام سنبھالنے کی منظوری دیدی ہے جس سے کریڈٹ سوئس کے تقریبا 16 بلین سوئس فرانک (17.3 بلین ڈالر) کے بانڈز کی حیثیت صفر ہو گئی ہے۔