اکاؤنٹس میں ایک ارب 10 کروڑ آئے اور گئے، راسخ الٰہی، FIA طلب

March 22, 2023

لاہور (نمائندہ جنگ)سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے بیٹے راسخ الہیٰ اور اسکی فیملی کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت،ایف آئی اے کے مطابق راسخ الہیٰ کے اکاؤنٹس میں ایک ارب10کروڑ آئے اور گئے،ایف آئی اے نے عدالتی حکم کے مطابق راسخ الہی اور اس کی بیوی زہرہ الہی ٰکو شو کاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا، عدالت نے راسخ الہی ٰاور اس کی بیوی زہرہ الٰہی کی اربوں روپے مالیت کی پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹس فریز کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔ ۔ایف آئی نے مونس الہیٰ کی بیوی تحریم الہی ٰکو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔عدالت نے مونس الہی کی بیوی تحریم الہی کے اربوں روپے مالیت کے بنک اکاؤنٹس فریز کرنے کے آرڈر جاری کیے تھے۔ ایف آئی اے نے مقدمہ میں دیگر شریک ملزمان کو بھی بشمول فرنٹ مین قیصر اقبال بھٹی اور عابد بھٹی کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کر دیے ۔ تمام شو کاز نوٹسز اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت جاری کیے گئے۔ شو کاز نوٹسز میں ایف آئی نے تمام ملزمان سے منی لانڈرنگ کے ذریعے بنائی گئی پراپرٹیز کی منی ٹریل اور ثبوت مانگ لیے ۔