قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 1800 سی سی سے زیادہ گاڑیاں استعمال نہ کرنے کی ہدایت

March 24, 2023

لاہور( ٹی وی رپورٹ،ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو 1800 سی سی سے زیادہ کی گاڑیاں استعمال نہ کرنےکی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےکفایت شعاری مہم کے سلسلے میں خط لکھا گیا ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو زیادہ سے زیادہ 1800 سی سی گاڑیاں استعمال کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا ہےکہ افسران ایس یو وی اور سیڈان گاڑیاں بھی 1800 سی سی سے زیادہ کی استعمال نہ کریں۔کیبنٹ ڈویژن نے پولیس، ایف آئی اے،کسٹمز اور کسٹمز انٹیلی جنس کے افسران کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں سرکاری افسران پر آج ( جمعہ )24مارچ سے 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے استعمال پرپابندی ہو گی ۔کابینہ ڈویژن نے چھوٹی گاڑیوں کے استعمال سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔پولیس،ایف آئی اے اورکسٹمزانٹیلی جنس کو کابینہ ڈویژن کا مراسلہ موصول ہوگیا۔مراسلے کے مطابق 23 مارچ کے بعد 1800 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں ہوسکتیں،سرکاری افسران جمعہ سے1800 سی سی سے بڑی گاڑی استعمال نہ کریں۔صرف 1800 سی سی تک ایس یو وی اورسیڈان گاڑیاں ہی استعمال کی جائیں۔پابندی وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں لگائی گئی ،کئی اداروں میں افسران اس وقت 4400 سی سی تک گاڑیاں استعمال کررہے ہیں۔