رمضان المبارک، لندن میں پہلی بار اسٹریٹ روشن کردی گئی

March 24, 2023

لندن (نمائندہ جنگ) رمضان المبارک کے آغاز کی خوشی میں سینٹرل لندن میں پکاڈلی کے مقام پر خوبصورت لائٹس لگائی گئی ہیں جس سے یہ علاقہ چاند اور تاروں کی روشنی سے جھلملا رہا ہے۔ لیسٹر اسکوائر اورپکاڈلی کے علاقے کو ملانے والی کوونٹری اسٹریٹ پر رمضان لائٹس کیلئے 30ہزار لائٹس کا استعمال کیاگیا ہے۔ لائٹس کا افتتاح میئر لندن صادق خان نے کیا جب کہ لائٹس لگانے کیلئے کاوشیں کرنے والی عائشہ ڈیزائی سمیت ممتاز گلوکار ناٹی بوائے اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ صادق خان کا اس موقع پر جنگ لندن کو دیئے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ لندن میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر رمضان کی خوشی میں لائٹس لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کرسمس کی طرح اس سال الحمداللہ پورے رمضان میں یہ لائٹس بھی روشن رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائٹس اس بات کی علامت ہیں کہ لندن میں تمام مذاہب کااحترام کیا جاتا ہے اور ان کی خوشیوں کو منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے بعد ٹریفالگر اسکوائرپر عید بھی منائی جائے گی۔ صادق خان نے کہا کہ اسلام پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ اس ماہ میں ہم سحری تو گھر میں کرتے ہیں لیکن افطار ہم دوستوں، عزیز و اقارب اور دیگر دوستوں کے ساتھ کرتے ہیں، میں تو رمضان میں افطار مساجد بلکہ چرچز، سینکاگ اور گوردواروں میں جاکر کرتا ہوں تاکہ انہیں یہ بتایا جا سکے کہ اسلام کی تعلیمات کیا ہیں، بعض لوگ اسلام کاتعلق دہشت گردی سے جوڑتے ہیں لیکن اصل میں تو اسلام امن کا مذہب ہے،اس ماہ میں ہم روزے بھی رکھتے ہیں اور چیرٹی بھی دیتے ہیں۔ رمضان لائٹس کی بانی عائشہ ڈیزائی کا کہنا تھا کہ ان لائٹس کو لگانے کا مقصد یہ ہے کہ دوسرے نوجوان بھی اس سے متاثر ہوں اور اپنے ملکوں اور علاقوں میں بھی اس کی تقلید کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلام کو مثبت طریقے سے پیش کرنے کا طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چھوٹی تھیں تواس علاقے میں کرسمس لائٹس دیکھا کرتی تھیں اورمجھے مشرقی وسطیٰ میں بھی رہنے کا موقع ملا جس کے بعد میں لائٹس کا جادو لندن میں بھی دکھانا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کا آغازتین برس قبل کیاتھا۔ناٹی بوائے نے کہا کہ رمضان لائٹس سینٹرل لندن میں لگانے پر وہ بہت خوش ہیں اور بطور مسلمان مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ لائٹس کو دیکھنے کیلئے آئے افراد کا کہناتھا کہ بطوربرٹش پاکستانی انہیں لائٹس دیکھ کربے حد خوشی ہوئی ہے۔