کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایران نے اسرائیل سے سیز فائر کے 6 روز بعد ملک کی مغربی فضائی حدود بھی غیر ملکی ایئر لائن کی اوور فلائنگ کیلئے مشروط طور پر کھول دی ہے۔ 13 جون کو ایران اسرائیل کے مابین جنگ شروع ہوئی اور 25 جون کو دونوں ممالک میں سیز فائر ہوا۔ جنگ بندی کے دوسرے دن ایران نے اپنی مشرقی فضائی حدود پیشگی اجازت کی شرط کے ساتھ کھول دی تھی تاہم مغربی فضائی حدود سے اوور فلائنگ بند تھی جسے پیر کو کھول دیا گیا ہے۔ اوور فلائنگ کی غیر ملکی پروازوں کو ایران کی مغربی فضائی حدود سے گزرنے کیلئے (FL245) یعنی 24500 فٹ سے زائد کی بلندی پر پرواز کرکے گذرنا ہوگا۔ جاری نوٹم کے مطابق متعلقہ فلائٹ انفارمیشن ریجن (ایف آئی آر) میں لینڈ یا ٹیک آف کرنے والی پروازوں ان احکامات کی تابع نہیں ہیں۔