طویل ترین روزہ گرین لینڈ، فرانس، پولینڈ اور انگلینڈ میں ہوگا

March 24, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا ہے۔ہر ملک میں سحر و افطار کے اوقات مختلف ہوتے ہیں جس کا انحصار سورج طلوع اور غروب ہونے پر ہوتا ہےاس سال دنیا کے مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ ساڑھے 11سے 17گھنٹے کے قریب ہوگا۔جنوبی نصف کرے میں واقع لاطینی امریکی ملک چلی میں روزے کا دورانیہ دنیا میں سب سے کم ہوگا۔اس ملک میں روزے کا اوسط دورانیہ 11گھنٹے 30منٹ طویل ہوگا۔اس کے بعد جنوبی افریقہ، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، پیرا گوئے اور یورو گوئے وہ ممالک ہیں جہاں روزوں کا دورانیہ 11سے 12گھنٹے ہو گا۔ برازیل، زمبابوے اور انڈونیشیا میں دورانیہ 12 سے 13 گھنٹے جب کہ سنگا پور، ملائیشیا، سوڈان اور یمن میں دورانیہ 13سے 14گھنٹے کے درمیان ہوگا۔ یورپی ملک آئس لینڈ کے بیشتر حصوں میں روزوں کا دورانیہ سب سے طویل ہوگا جو 16گھنٹے 50منٹ تک ہوگا۔اس کے بعد گرین لینڈ، فرانس، پولینڈ اور انگلینڈ ایسے ممالک ہیں جہاں روزوں کا دورانیہ 16سے 17گھنٹے کے درمیان ہوگا۔یونان، پرتگال، چین، امریکہ، ترکیہ، کینیڈا اور شمالی کوریا میں دورانیہ 15سے 16گھنٹوں کے درمیان ہوگا پاکستان، جاپان، ایران، عراق، شام، فلسطین، بھارت، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب میں روزے کا دورانیہ 14سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔