پاکستان ہاؤس دی ہیگ میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب

March 24, 2023

دی ہیگ ( نمائندہ جنگ ) سفارتخانہ پاکستان ہالینڈ کی جانب سے یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں ہالینڈز کے مختلف علاقوں سے پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ ‎قومی ترانے کی دھن پر سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا، اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات سنائے گئے۔ سفیرسلجوق مستنصرتارڑ نے خطاب میں قوم کیلئے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے شرکاء کو پاکستان اورہالینڈکے مابین دوطرفہ تعلقات کی 75 سالہ تاریخ میں کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس سال دوطرفہ تعلقات کے قیام کے 75سال مکمل ہونے پر ہالینڈ اور پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریبات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ ‎سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے 2022میں پاکستان میں سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں میں مدد کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور ہالینڈکے تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔