سویڈن اور فن لینڈ میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب

March 25, 2023

سٹاک ہوم ( کاشف عزیز بھٹہ ) سٹاک ہوم میں یوم پاکستان کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان میں تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں سفارتخانہ پاکستان کے سفارتی عملہ کے علاوہ سٹاک ہوم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، سویڈش مہمانوں اور مقامی میڈیا کےارکان نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت رسول مقبول پیش کی گئی جس کے بعد قومی ترانے کی دھن پر سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد سمیت حاضرین نے قومی ترانہ پڑھا، ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارت خانہ پاکستان رزاق تھیبو نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ سفیرِ پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ ڈاکٹر ظہور احمد نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم پاکستان اور رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کی اور اس موقع کی مناسبت سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہمارے پیارے وطن کے نظریئے کی بنیاد رکھی گئی تھی ، پاکستانی ایک باہمت قوم ہے اور 23 مارچ کا دن ہمیں اپنے آباؤاجداد کی قربانیوں کو یاد رکھنے کی تلقین کرتا ہے،ا نہوں نے کہاہم اپنے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ ملک آزادی کے علم کے ساتھ ہمیشہ بلندیوں پر لہراتا رہے گا۔ سٹاک ہوم میں قائم انڈو پاک ایکومینیا کانگریگیشنل چرچ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی مسیحی برادری کے ایک گروپ نے تقریب میں قومی ترانے پیش کئے جب کہ سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے مسیحی برادری کو تحائف پیش کئے۔