آٹے کی تقسیم کے دوران کسی شہری کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے، وزیراعظم

March 25, 2023

لاہور (اے پی پی، جنگ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور اور قصور میں مفت آٹے کی تقسیم کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں آٹے کی تقسیم کے دوران کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے، بزرگ ، معذور اور علیل لوگوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ جبکہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاشی مسائل کے باوجود وزیراعظم عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اب تک 42 لاکھ افراد کو مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جا چکے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین اور مرد شہریوں سے مفت آٹے کی فراہمی میں مشکلات کے بارے میں پوچھا۔وزیراعظم نے آٹے کے معیار اور اس کے حصول کیلئے مشکلات سے متعلق بھی شہریوں کی رائے بھی معلوم کی ۔وزیراعظم نے شہریوں کی آراء کی روشنی میں حکام کو اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے شہریوں کیلئے انتظار گاہ کا بھی دورہ کیا، انتظامات دیکھے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے، بزرگ خواتین اور بچوں کے ہمراہ آنے والی خواتین کے لئے بھی بہترین انتظامات یقینی بنائیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس کار خیر کو سرکاری ڈیوٹی نہیں خدائی ڈیوٹی سمجھ کر انجام دیں۔