32 لاکھ کی چوری، 6 گاڑیاں، 28 موٹر سائیکل، 52 موبائل اڑا لئے گئے

March 25, 2023

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی، اسلام آباد میں درجنوں وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی،21تولے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 6کاریں ، تین رکشے،28 موٹر سائیکل اور 52موبائلز اڑا لئے گئے ،کروڑوں روپے کے خیانت مجرمانہ اور چیک ڈس آنر کے مقدمات بھی درج کئے گئے ۔تھانہ رتہ امرا ل کے علاقے سے بابر محمود کا کیری ڈبہ ، تھانہ نیو ٹاؤن سے محمد رمضان کا کیری ڈبہ ، تھانہ کینٹ سے اویس خالد کی کار ،تھانہ ٹیکسلا کے علاقے سے ڈاکٹر حسان شاکر ، تھانہ شالیمار سے محسن حسین ملک اور تھانہ انڈسٹریل ایریا سے ابو عبیدہ کی کار یں چوری ہو گئیں ،تھانہ بنی سے محمد تنویر ، تھانہ ویسٹریج سے اسماعیل اورتھانہ نصیر آباد سے اسرائیل کا رکشہ چوری ہو گیا، تھانہ ویسڑیج پولیس نے محمد نوید کی رپورٹ پر لیاقت اور مہتاب قریشی کے خلاف 2سو ایکٹر اراضی کا جھانسہ دیکر 6کروڑ 92لاکھ روپے ہتھیانے کے الزا م میں مقدمہ درج کر لیا ۔ تھانہ مورگاہ کے علاقے میں اڈیالہ روڈ پر شمروز خان کے اہل خانہ کی عدم موجودگی میں گھر کے تالے ٹوٹ گئے اور چور تین لاکھ روپے کی نقدی اور 14تولہ سونے کے زیورا ت لے اڑے ،تھانہ آبپار ہ پولیس نے محمد یونس کی رپورٹ پر راجہ ملازم حسین کے خلاف ساڑھے 9 لاکھ روپے فراڈ اور تھانہ ترنول پولیس نے کامران مشال کی رپورٹ پر کاشف رحمان کے خلاف ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے چیک ڈس آنر کا مقدمہ درج کر لیا۔