پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے، چیف سیکرٹری

March 25, 2023

لاہور(خصوصی نمائندہ)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی جس میں پرائس کنٹرول اقدامات اور مفت آٹے کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ناجائز منافع خوری، گرانفروشی میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا ،سیکرٹری فوڈ پنجاب محمد زمان وٹو نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ مفت آٹے کی فراہمی کیلئے اب تک ایک لاکھ12ہزار میٹرک ٹن گندم فلور ملز کو فراہم کی جا چکی ہے۔