حنیف راجہ اسکاٹ لینڈ میں حکومت پاکستان کے فوکل پرسن مقرر

March 26, 2023

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) حکومت پاکستان نے برطانیہ کے ممتازکاروباری،سماجی وسیاسی رہنماحنیف راجہ کو اسکاٹ لینڈ میں پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور ان کو مختلف شعبوں میں مدد دینے کیلئے اپناخصوصی نمائندہ ’’فوکل پرسن‘‘ مقرر کیا ہے۔ منسٹری آف اوورسیز نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ گلاسگو کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیلی کونسلر حنیف راجہ نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کیلئے پہلے کی طرح حاضر ہیں اوراپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اس ذمہ داری کو بھی نبھانےکی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ کونسلرحنیف راجہ جو کہ گلاسگو سٹی کونسل میں ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ بھی ہیں ،ان کی سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ نے انہیں ایم بی ای کا ایوارڈ دیا تھا۔ حنیف راجہ ایک ایسی شخصیت ہیں جن کے پاس اب اپنے آبائی وطن پاکستان اوررہائشی ملک برطانیہ دونوں میں سرکاری عہدے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ وبرطانیہ کی ممتاز سیاسی وسماجی شخصیات نے حنیف راجہ کونئی تقرری پر مبارکباد دی ہے۔