گورنر سندھ نے عمران خان کو غدار قرار دے دیا

March 27, 2023

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سابق وزیراعظم عمران خان کو غدار قرار دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کامران ٹیسوری نے کہا کہ عمران خان اس وقت ملک دشمنوں کے کہنے پر پاک فوج کے خلاف مہم چلارہا ہے، اس کا مقصد اداروں کو کمزور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کو تنقید کا نشانہ بنا کر عمران خان دشمنوں کو خوش کررہا ہے، عمران خان غدار وطن ہے۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ عمران نیازی انٹرنیشنل ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر اداروں کو کمزور کررہا ہے، اس کے پیچھے ایسی کونسی طاقت ہے جو اسے گرفتار ہونے نہیں دے رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی گوٹھ ریگولرائز کرنے کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی پر ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کو تحفظات ہیں۔

گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر سیاسی جماعتوں کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے دورے میں دیکھا قیمتوں میں فرق تھا، دکاندار سے جب سوال کیا تو اُس کا جواب تھا پیچھے سے مہنگا ملا ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ منڈی میں آکشن کے دوران کوئی سرکاری افسر نہیں ہوتا، جو بڑا مافیا ہے، ان کو بھی سامنے لانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومتوں نےنوٹیفکیشن نکالا کہ تمام افسران بازاروں کا دورہ کریں گے، ایڈمنسٹریٹر کو بھی اضافی اختیارات ملنے چاہئیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اگر باغات کے مالکان من مانی قیمتیں رکھیں گے تو عوام کو مہنگا ملے گا، ہر آدمی ایک ہی فریاد کررہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی حکومت جلد ہی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے، سیلاب متاثرین شکایات کررہے ہیں کہ سحری کےلیے بھی کچھ نہیں۔