حکومتِ سندھ کا کویت کے ساتھ تھر واٹر سپلائی پروجیکٹ، کراچی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے منصوبوں پر دستخط ہو گئے۔
تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کویتی کمپنی سے پانی، توانائی، جدت اور ماحولیاتی شعبوں میں معاہدوں پر دستخط اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی منصوبہ تھر بلاک اوّل کو پانی فراہم کرے گا، این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پارک کے قیام سے تحقیق، ٹیکنالوجی اور ملازمتوں کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ این ای ڈی پارک میں دنیا کی تمام سہولتیں ہوں گی، ویسٹ واٹر منصوبے سے کراچی کی صنعتوں کو صنعتی معیار کا صاف پانی ملے گا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ این ای ڈی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بہت جلد افتتاح کر کے عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا ہے کہ کراچی میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز فور کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ منصوبے کویت کی سرکاری کمپنی انرٹیک کے تعاون سے مکمل کیے جا رہے ہیں اور یہ اپنی نوعیت کے بڑے منصوبے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو عالمی سطح پر چھٹا نمبر دیا گیا ہے، جس پر وفاقی حکومت نے بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد سے میرپورخاص، کراچی سے ٹھٹہ 2 رویہ شاہراہ اور دیگر بڑے منصوبوں کے قرضے مکمل ادا ہو چکے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے مارچ 2026ء میں مکمل کر لی جائے گی، جس سے کراچی میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔