مفت آٹے کی تقسیم کے تمام عمل کی نگرانی سیکرٹری انڈسٹریز کو سونپی دی گئی

March 30, 2023

پشاور (جنگ نیوز) کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن نثار احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کی فراہمی سے متعلق آن لائن اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز کی صدارت میں شرکت کی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے مفت آٹے کی تقسیم کے تمام عمل کی نگرانی اور اقدامات کے حوالے سے سیکرٹری انڈسٹریز کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اجلاس میں کمشنر پشاور، ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس ، ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرزڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے۔ اجلاس کے دوران مفت آٹے کی دستیابی اور تقسیم کے حوالے سے مختلف اقدامات زیر بحث لائے گئے اور اب تک کی مفت آٹے کی تقسیم اورصورتحال سے متعلق سیکرٹری انڈسٹریز کو تفصیلات سے آگاہی فراہم کی گئی جس پر انہوں نے اب تک کی کارکردگی اور اقدامات کو سراہتے ہوئے تمام عمل کی نگرانی کی ہدایت کی تاکہ کوئی بھی حقدار اپنے حق سے محروم نہ رہے اور آٹے کی بروقت تقسیم کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ اسی طرح مقامی بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی اور گراں فروشی کے تدارک کیلئے بھی مزید اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔