بھارتی حکومت کشمیری اور سکھ برادری پر مظالم بند کرے، علی رضا سید

March 30, 2023

برسلز (حافظ اُنیب راشد) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ بھارت میں نریندر مودی کی حکومت مظلوم کشمیریوں اور سکھ برادری پر مظالم بند کرے۔ یہ مطالبہ انہوں نے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے بھارتی حکومت کے خلاف سکھ برادری کے احتجاجی مظاہرے کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں سے بھارتی حکومت نے پنجاب میں سکھوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ اب تک بہت سے سکھوں کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ بھارت کے ظالمانہ رویئے کے خلاف دنیا بھر میں مقیم سکھوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ہیں۔ بلجیم کے درالحکومت برسلز میں بھی اس حوالے سے یورپی پارلیمنٹ کے سامنے’’جسٹس فار سکھ ریلی‘‘ کے عنوان سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں یورپ بھر سے سکھوں نے شرکت کی۔ کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کے ہمراہ کونسل کے سینئر عہدیدار اور ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد جوشی بھی برسلز کے سکھ مظاہرے میں شریک ہوئے۔ علی رضا سید نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے علاوہ سکھ برادری سمیت بھارت میں رہنے والی اقلیتوں کے ساتھ بھی ظالمانہ رویہ رکھتا ہے اور آئے دن ایسے اقدامات کرتا رہتا ہے جس سے ان کے بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظالمانہ سلوک کی وجہ سے سکھ برادری خالصتان بنانے کا مطالبہ کررہی ہے اور حالیہ برسوں کے دوران خالصتان تحریک میں شدت آگئی ہے۔ برسلز کی سکھ ریلی میں کشمیرکونسل ای یو کے وفد نے فری کشمیر کے بینر کے ساتھ شرکت کرکے سکھ برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ چوہدری خالد جوشی نے اس موقع پر خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح مظلوم کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، اسی طرح سکھوں سمیت بھارت کی اقلیتی برادریاں بھی بھارتی مظالم سے تنگ آکر آزادی چاہتی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں، سکھوں اور دیگر اقلیتوں پر بھارتی مظالم بند کروائے اور ان کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔