فرانس، آئینی اتھارٹی پنشن اصلاحات کے متنازع قانون کا فیصلہ 14 اپریل کو کریگی

March 30, 2023

پیرس (اے ایف پی) فرانس کی سب سے بڑی آئینی اتھارٹی صدر ایمانوئل میکرون کے پنشن اصلاحات کے متنازع قانون کے بارے میں فیصلہ 14اپریل کو کرے گی، فرانسیسی عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ مستقبل کی تبدیلیوں سے متعلق اہم موڑ ثابت ہوگا۔ فرانسیسی پارلیمنٹ نے 16مارچ کو ارکان پارلیمنٹ کے ووٹ کے حق کو بائی پاس کرتے ہوئے اصلاحات کا قانون مںظور کرلیا تھا جس کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔ پارلیمنٹ سے ووٹنگ کی منظوری بھی طے شدہ تھی کیوں کہ اس سے قبل حکومت کیخلاف 20مارچ کو عدم اعتماد کی دو تحریکیں کامیاب نہیں ہوئی تھیں۔ پنشنش اصلاحات صرف اسی وقت قانون بنے گا جب آئینی کونسل اس کی توثیق کرے گی جس کے پاس پارلیمنٹ سے مںظور کئے گئے آئین سے متصادم کسی بھی قانون کو ختم کرنے کا اختیار ہے۔ کونسل کے ارکان ریٹائرمنٹ کی عمر 62برس سے بڑھا کر 64برس کرنے کے قانون سے متعلق دو فیصلے دیں گے۔ پہلا فیصلہ تو اس بار پر ہوگا کہ آیا یہ قانون سازی آئین سے متصادم تو نہیں۔ دوسرا فیصلہ ریفرنڈم سے متعلق ہوگا کہ آیا اس قانون سازی پر ریفرنڈم ہونا چاہئے یا نہیں۔