• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر مزدور رہنما اور مزدور تحریک کا اہم ستون کنیز فاطمہ انتقال کرگئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر مزدور راہنما کنیز فاطمہ طویل علالت کے بعد جمعہ کو یہاں انتقال کر گئیں، ان کی نماز جنازہ گلشن کنیز فاطمہ پراجیکٹ نمبر ایک ، بلاک نمبر 2، سرجانی ٹاؤن کی مسجد نورانی میں ادا کی گئی، بعد ازاں انہیں گلشن کنیز فاطمہ پراجیکٹ نمبر ایک سرجانی ٹاؤن کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحومہ کی نماز جنازہ اور تدفین میں متعدد مزدور راہنماؤں ،کارکنوںاور بلدیاتی ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مزدور راہنماؤں کا کہنا تھا کہ کنیز فاطمہ پاکستان کی مزدور تحریک کا ایک اہم ستون تھیں، جو تمام عمر مزدور طبقے کے حقوق کی جدوجہد کرتی رہیں، ان کااس دار فانی سے کوچ کرجانا مزدور تحریک کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے۔ آمین۔ دریں اثناءپیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں، جنرل سیکریٹری حسین بادشاہ ، میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کےچیئرمین سیدذوالفقارشاہ، صدر ملک نوید اعوان، جنرل سیکریٹری نصیر الدین، ہمایوں ملک، راجہ عاصم شہزاد، عمران علی، عباس احمد، ریحان قاضی، اکرام خان ،اشرف اعوان، ساجد علی، حبیب الرحمٰن اعوان، غلام شاہ، حمید اعوان، قاسم شاہ، جاوید بلوچ اور نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری ناصر منصور نے اپنے الگ الگ تعزیتی بیانات میں کنیز فاطمہ کے انتقال کو مزدور طبقے کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
اہم خبریں سے مزید