روزے کی حالت میں بچے کو دودھ پلانے کا حکم

March 31, 2023

تفہیم المسائل

سوال: کیا بچے کو دودھ پلانے والی عورت روزے کے دوران بچے کو دودھ پلا سکتی ہے، اس سے روزہ ٹوٹ تو نہیں جائے گا ؟(طاہرہ ، کراچی )

جواب: بچے کو دودھ پلانے والی عورت اگر بہت کمزور ہے اور روزہ رکھنے کی صورت میں اس کی صحت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے یا بچے کے لیے اُس کا دودھ نہ ہونے یا انتہائی کم ہونے کی صورت میں بچے کی صحت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ،تو اسے عذر کی بناء پر رمضان کاروزہ چھوڑنے کی رخصت ہے، جس کی بعد میں قضا لازم ہے۔ تاہم اگر بچے کو دودھ پلانے والی عورت رمضان المبارک کا روزہ بھی رکھتی ہے اور بچے کو دودھ بھی پلاتی ہے تو اس کے روزے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ احادیث وآثار میں فقہی اصول یہ بیان کیا گیا ہے :’’ اَلفِطرُ مِمّا دَخَلَ وَلَیسَ مِمَّا خَرَجَ ‘‘۔

ترجمہ:’’روزے دار کے معدے میں کسی چیز کے داخل ہونے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ،خارج ہونے سے نہیں ٹوٹتا ‘‘ ۔اور ماں کا دودھ اُس کے وجود سے خارج ہوتا ہے ۔ امام بخاریؒ بیان فرماتے ہیں : ترجمہ:’’ حضرت ابن عباس ؓاور عکرمہ ؓبیان کرتے ہیں : روزہ کسی چیز کے داخل ہونے سے ٹوٹتا ہے، خارج ہونے سے نہیں ٹوٹتا‘‘۔ (صحیح بخاری ،باب الحجامۃ والقیٔ للصّائم ،جز ثانی ،ص:576، مکتبۂ عصریہ ،بیروت)