حمزہ یوسف نے امور حکومت کی انجام دہی شروع کردی، برطانوی وزیراعظم کی مبارکباد

March 31, 2023

گلاسگو (طاہرانعام شیخ) حمزہ یوسف نے کورٹ آف سیشن کی ایک پروقار تقریب میں بطور فرسٹ منسٹر اپنے عہدے کاحلف اٹھانے کے بعدباقاعدہ طور پر امور حکومت انجام دینا شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے اپنی نو رکنی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے جس میں شہونا رابنسن کو ڈپٹی فرسٹ منسٹر اور فنانس سیکرٹری کا عہدہ دیا ہے۔ انہوں نے الیکشن میں اپنی مدمقابل کیٹ فوربس کو رورل آفیئرز کے وزیر کے عہدے کی پیشکش کی تھی جسے لینے سے انہوں نے انکار کردیا۔ حمزہ نے کہا کہ میں ایک ایسی حکومت اور پالیسی بنائوں گا جو معاشرے میں بہتری، ترقی پسند پالیسیوں اور بنیادی تبدیلیوں کیلئے کام کرے گی اور میں جانتا ہوں کہ اس سلسلہ میں میری نئ کابینہ بہترین ہے۔ برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے حمزہ یوسف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور اسکاٹ لینڈ کو درپیش بڑے ترجیحی مسائل مثلاً اخراجات زندگی کو کم کرنا اور نیشنل ہیلتھ سروسز میں انتظارکی فہرست کو کم کرنے کیلئے باہم مل کر کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ حمزہ یوسف نے فرسٹ منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ میں منتقل ہونے کے بعد افطاری پر باجماعت نماز کی امامت بھی کی۔