ماہ رمضان میں پاکستان کی مشکلات کے خاتمے کیلئے دعائیں کی جائیں، علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای

April 02, 2023

لوٹن (شہزاد علی) علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام 27ویں رمضان المبارک کو ہوا ہم اللہ کریم سے دعا گو ہیں کہ وہ رمضان کے طفیل پاکستان جن مشکلات اور مسائل میں پھنسا ہے اسے ان بحرانوں سے نکالے ، حکمرانوں اپوزیشن، عدلیہ اور ہم سب کو اللہ کریم صراط مستقیم پر چلائے اور کشمیر کو آزادی عطا فرمائےجامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ روزہ صبر کا درس دیتا ہے اور صبر جنت کاراستہ ہے، انہوں نے نماز تراویح کے متعلق بتایا کہ اس نماز کی 20 رکعتیں ہیں مگر کئی افراد فقط 8 رکعات پڑھ لیتے ہیں اگر اللہ توفیق عطا فرمائے تو پوری تراویح پڑھیں، انہوں نے نبی کریم ﷺکی حدیث کو بیان فرمایا کہ 5باتوں پر آپﷺ کی امت کو فضیلت عطا کی گئی ہے آپﷺ نے فرمایا کہ روزے دار کے منہ کی بو پاک پروردگار کو مشک سے بھی زیادہ پیاری ہے، دوسری بات آپﷺ کی امت کے روزے دار کیلئے دریا اور سمندر کی مچھلیاں بھی دعائیں مانگتی ہیں پھر یہ کہ سر کش شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے، جنت کو ہر روز سجایا جاتا ہے اور رمضان کے آخری روز میری امت کے روزے دار کو بخش دیا جاتا ہے ۔ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے ماہ رمضان میں صدقات خیرات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور واضح کیا کہ اس ماہ مقدس میں جہاں عام دنوں کی عبادت کی نسبت کئی گنا زیادہ ثواب ہے، وہیں ماہ رمضان المبارک میں صدقہ خیرات کا بہت زیادہ اجر ہے۔ اس موقع پر پروفیسر راجہ ظفر خان، سابق میئرلوٹن ریاض بٹ، چوہدری قربان، راجہ وحید خان، بابو علی دتہ ،احسان راٹھور، فیاض قریشی، ملک حنیف، راجہ سلیم، ارشد حسین ، ذوالفقار راٹھور، راجہ دولت خان، صوفی کرامت، راجہ منشی، ملک غلام محی الدین سمیت متعدد شخصیات نے عطیات پیش کیے۔ اس موقع پر اعجاز ملک ، صوفی رشید ، اسرار بٹ، طارق چوہدری، قاضی ضیاء المصطفیٰ ، قاضی سراج المرتضیٰ سمیت کثیر تعداد میں نمازی شریک تھے ۔ پروفیسر سید گلزار بخاری نے آخر میں دعا کرائی جب کہ قاری کامران اور دیگر نےبحضور خاتم النبیین ﷺدرود و سلام پیش کیا۔