میٹھا اور رس بھرا تربوز، گرمیوں میں قدرت کا تحفہ

May 21, 2023

تربوز موسم گرما کی خاص سوغاتوں میں سے ایک ہے اور ہر کسی کا من پسند پھل ہے۔ موسم گرما کے آغاز سے ہی بازاروں میں لال تربوز نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں۔ یہ پانی سے بھرپور ہوتا ہے، لہٰذا جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے اور ٹھنڈک پہنچانے کے لیے یہ بہترین پھل مانا جاتا ہے۔ اس مزیدار پھل کا 92 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔

اس میں متعدد قدرتی اجزا جیسے وٹامن اے، بی6 اور سی، پوٹاشیم، فو لاد، سوڈیم ،کیلشیم،فاسفورس، نشاستہ، لائیکوپین اور دیگر موجود ہوتے ہیں۔ اس پھل میں وٹامن سی کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جس سے انسان کی جِلداور نظر اچھی رہتی ہے۔ تربوز میں فائبر کی بھی اچھی مقدار پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ نظام انہضام کے لئے بہت مفید ہے۔ صبح کے وقت خالی پیٹ اگر تربوز کھایا جائے تو یہ سارا دن آپ کو تروتازہ رکھے گا۔ تربوز کے فوائد پر نظر ڈالتے ہیں تاکہ آپ گرمی میں اس پھل کے مفید اثرات سے فائدہ اٹھاسکیں۔

گرمی دور کرے

چونکہ گرم موسم میں پیاس زیادہ لگتی ہے اور پانی کا استعمال زیادہ ہوجاتا ہے، ایسے میں تربوز کا استعمال گرمی کم اور جسم میں پانی کی کمی دور کرنے میںمدد دیتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق تربوز میں ایسے جزیات پائے جاتے ہیں، جو نہ صرف گرمی کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، بلکہ وہ جسم میں پانی کے نمکیات کو بھی کنٹرول کرتے ہیں۔

دل کی صحت

تربوز دل کی صحت کے لیے بے حد مفید قرار دیا جاتا ہے۔اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں مددکرتے ہیں۔ اس میںپائے جانے والے وٹامن اے، سی، بی 6، منرلز اور لائیکوپین جزیات دل کی بیماریوںکے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ امریکی یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق روزانہ ناشتے میں تربوز کی ایک قاش کھانے سے دل کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں موجود قدرتی اجزا نہ صرف بلڈ پریشر کی سطح برقرار رکھتے ہیں بلکہ دل کے دورے کی صورت میں مؤثر ڈھال کا بھی کام کرتے ہیں۔

ہڈیوں کی مضبوطی

طبی ماہرین تربوز کو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بہترین قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تربوز کا استعمال ہڈیوں کی بیماری آسٹیو پروسس سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ بیماری انسانی ہڈیوں کو کمزور کر دیتی ہے۔ تربوز کے بیجوں میں موجود میگنیشیم مدافعتی نظام، میٹابولک فنکشن کے ساتھ ساتھ پٹھوں کی صحت او ر ہڈیوں کے لیے مفیدقرار دیاجاتا ہے۔

ہاضمہ کی بہتری

تربوز نظام ہضم کو بہتر بنانے کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے۔ اس کے علاوہ تربوز میں فائبر بھی کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو ہاضمے کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور قبض کو ختم کرتا ہے۔

چربی کم کرنے میں معاون

تربوز جسم کی زائد چربی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس میں موجود امینوایسڈز کیلوریز جلانے میں مدد دیتے ہیں۔ جسم میں پانی کی مقدار مناسب سطح پر رکھنے خصوصاً بڑھے ہوئے پیٹ سے نجات میں کامیابی کے لیے تربوز کا استعمال مفید سمجھاجاتا ہے۔ تربوز کا رس جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ ماہرین پیٹ کی چربی کم کرنے کے لیے خاص طور پر اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔تربوز میںموجو د خاص سیلز ایسی سرگرمیوںکو کنٹرول کرتا ہے،جو جسم پر چربی بننے کا سبب بنتی ہیں۔

آنکھوں کی بینائی

تربوز میںلائیکوپین پایا جاتا ہے جو آنکھوں کی بینائی کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے اور یہ عمر کے ساتھ ساتھ آنکھوں کو خراب ہونے سے بچاتا ہے۔ اس کی وجہ سے آنکھوں کے خلیے صحت مند رہتے ہیں، جس سے بڑھاپے میں بھی روشنی کمزور نہیں ہوتی۔ پیشانی پر تربوز کے چھلکے کا لیپ کر دیا جائے تو آنکھوں کے امراض کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

جِلد کیلئے مفید

تربوز نہ صرف جِلد کو ہائیدریٹ رکھتا ہے بلکہ یہ لائیکوپین، وٹامن اے اور سی سے بھی بھرپور ہے جو بڑھاپے کے اثرات کو کم کردیتے ہیں۔ اس میں موجود وٹامن اے جِلد کے کھلے مسام کو کم کرنے اور چربی پیدا کرنے والے گلینڈ کی رفتار کم کردیتا ہے جبکہ اس کو جِلد پر رگڑنے سے یہ کلینرز کا کام دیتا ہے۔ تربوز کے بیج بھی جِلد کے لیے انتہائی مفید ہیں۔

تربوز کے بیج کے فوائد

تربوز کے ساتھ ساتھ اس کے بیج بھی صحت کے لئے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ان بیجوں میں غذائی اجزا کے ساتھ ساتھ مختلف صحت بخش فوائد بھی ہیں۔ ماہرین کے مطابق تربوز کے بیج پروٹین سے مالا مال ہوتے ہیں۔ ان بیجوں میں اہم معدنیات، فاسفورس، آئرن، پوٹاشیم، سوڈیم، کاپر، مینگینز اور زنک ہوتے ہیں۔

آپ جب بھی تربوز کھائیں تو اسے بیجوں سمیت کھائیں، اگر بیج کے ساتھ نہیں کھاسکتے تو اسکے بیج دھوکر ،سُکھالیں اور پھر بعد میںمغز نکال کر انھیں علیحدہ سے کھائیں۔تربوز کے بیج میں پروٹین وافر مقدار میں پایاجاتاہے۔ جو لوگ علیحدہ سے پروٹین نہیں لے پاتے تو وہ ان بیجوں کے ذریعے پروٹین حاصل کرسکتے ہیں۔

نوٹ: ذیابطیس کے مریض معالج کے مشورے سے تربوز استعمال کریں۔