ماہر ڈاکٹر نے بتایا شہرِ قائد میں کبوتروں سے پھیلنے والی بیماری برڈ فینسرز لنگز سے زیادہ تر خواتین متاثر ہو رہی ہیں۔
ڈاکٹر محمد عرفان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کبوتروں سے انسانوں میں پھیلنے والی پھیپھڑوں کی بیماری میں اضافہ ہو رہا ہے، نجی اسپتال میں برڈ فینسرز لنگز کے ہفتہ وار 15 سے 20 کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بیماری کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کبوتر کے پروں اور فضلے کے ذرات مریض کی سانس کی نالی میں جمع ہو جاتے ہیں، یہ ذرات الرجی اور پھیپھڑوں کی سوجن کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کبوتر کے پروں کے ذرات کھڑکیوں اور اے سی کے ذریعے گھروں میں داخل ہوتے ہیں۔
انہوں نے اس مرض میں آنے والی ممکنہ پیچیدگیوں کی نشادہی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مریضوں کو اسٹیرائڈز، آکسیجن یا پھیپھڑوں کی پیوند کاری کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
ڈاکٹر عرفان نے مزید بتایا کہ بیماری سے بچاؤ کے لیے کبوتروں سے دوری اور احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے اور متاثرہ افراد پرندوں سے فوری طور پر دوری اختیار کریں۔
دوسری جانب سول اسپتال حکام نے بتایا ہے کہ سانس کی بیماریوں کے متعدد کیسز روزانہ رپورٹ ہوتے ہیں اور ان بیماریوں کی کوئی خاص درجہ بندی نہیں کی جاتی۔
حکام نے مزید بتایا ہے کہ خواتین مریضوں میں بغیر کسی مرض کے سانس پھولنے کا معاملہ تاحال سامنے نہیں آیا۔