اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات، IMF پروگرام مکمل کرانے کی یقین دہانی

May 27, 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈبلوم نے ملاقات کی ہے ،اس موقع پر انہوں نے IMF پروگرام مکمل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے ، وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں گہرے تاریخی اور پائیدار دوطرفہ تعلقات پرروشنی ڈالی اور امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ،ڈونلڈبلوم کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ،وزیر خزانہ نے امریکی سفیرکو مشکل معاشی صورتحال سے نمٹنے اور معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترجیحات سے بھی آ گاہ کیا،فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو اپنی قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے ریونیو محصولات اور اخراجات سے متعلق حکومت کے دانشمندی سے بنائے گئے منصوبوں سے آگاہ کیا،انہوں نے مختلف اقتصادی شعبوں کے بارے میں بھی امریکی سفیر کو آ گاہ کیا جن میں دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔