کراچی میں گیس کا بحران شدید، نصف سے زائد شہر سہولت سے محروم

May 27, 2023

کراچی(اعظم علی /نمائندہ خصوصی ) کراچی میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، نصف سے زائد کراچی میں گیس کی سپلائی بند ، کئی علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ، لیاری میں تین دن سے گیس غائب ، علی الصبح گیس کی بندش سے اسکول یونیفارم پہنے بچوں اور ان کیساتھ ساتھ والدین کا ہوٹلز پر رش ، مہنگائی کے مارے شہریوں کی بڑی تعداد چائے اور ناشتہ بھی ہوٹلز سے خریدنے پر مجبور ، سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان سلمان احمد کا کہنا تھا کہ سالانہ مرمتی کام کی وجہ سے آج کل گیس کے پریشر میں کچھ کمی ہے یہ نہیں کہہ سکتے کہ گیس بند ہے گیس کا پریشر کچھ کم ہے جو کچھ دنوں میں ٹھیک ہوجائے گا، بلدیہ ٹاون کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ شہر میں سوئی گیس پائپ لائنز کا انفراسٹرکچر ناکا رہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے پائپ میں گیس کی بجائے پانی آرہا ہے جبکہ گیس کا عملہ شکایات سننے کے لئے تیار نہیں ، بلدیہ ٹاؤن ساڑھے چار نمبر سمیت مختلف علاقوں ، فیڈر بی ایریا ، کلفٹن، ڈیفنس ، صدر، نمائش،اولڈ سٹی ایریا ، کورنگی، لانڈھی ، اورنگی ٹاؤن ، فیڈرل بی ایریا سے شہریوں نے بتایا کہ ان کے گھروں میں کئی دن سے گیس نہیں آرہی جس کی وجہ سے وہ ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں ۔