یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرانے کی سازش

May 27, 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین اور معروف کشمیری راہنما یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرانے کیلئے انڈیا کی انسداد دہشت گردی کے لیے کام کرنے والی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے دہلی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق این آئی اے نے ٹرائل کورٹ کے سامنے یاسین ملک کے لیے سزائے موت کی درخواست کی تھی لیکن اسے مسترد کرتے ہوئے انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

گزشتہ برس 25 مئی کو انڈین عدالت نے یاسین ملک کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

انہیں دہشت گردی کی مالی معاونت کے علاوہ دہشت گرد کارروائیاں کرنے، دہشت گرد تنظیم کا حصہ بننے اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا۔ یاسین ملک نے کیس کے ٹرائلز کے دوران نے ان الزامات پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔