پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا حکومت نے 470 ارب کہاں خرچ کیے؟ وزیراعظم کی تحقیقات کی ہدایت

May 27, 2023

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی نگران حکومت سے 470 ارب روپے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے 470 ارب روپے کہاں پرخرچ کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کے دورہ پشاور کے موقع پر پی ڈی ایم قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمان، اکرم درانی، آفتاب شیرپا، غلام احمد بلور اور ایمل ولی موجود تھے۔

صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم قیادت نے وزیراعظم اور معاشی ٹیم کو بریفنگ دی اور پی ڈی ایم قیادت نے وزیراعظم کو بتایا کہ صوبے کے پاس تنخواہوں کے لیے فنڈز نہیں ہے جب کہ نگران وزیراعلی اعظم خان نے وزیراعظم کو صوبے کی معاشی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔