بھارت مقبوضہ کشمیر کی اصل حقیقت نہیں چھپا سکتا، رہنما اے جے ن لیگ

May 28, 2023

والسال (پ ر) آل جموں و کشمیر مسلم لیگ ن برطانیہ کے مرکزی رہنما راجہ شوکت علی خان، راجہ اسرار علی خان، راجہ اختر علی خان، راجہ بلال، راجہ تیمور علی نے کہا ہے کہ بھارتی سامراج کی طرف سے 20G اجلاس کا مقبوضہ کشمیر میں انعقاد اقوام متحدہ کےچارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، اجلاس میں عدم شرکت پر چین، ترکی ودیگر ملکوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، رہنمائوں نے کہا کہ جی 20 ممالک متنازع کشمیر کی حقیقت کو چھپانے کیلئے مودی سرکار کے مذموم عزائم کا حصہ نہ بنیں، بھارت نے8لاکھ فوج کے ذریعے جموں و کشمیر کو جہنم بنایا ہوا ہے جہاں ہر روز بے گناہ شہری قتل ہورہے ہیں، جموں و کشمیر متنازع علاقہ ہے، بھارت نے بڑے پیمانے پر انسانی عوامی حقوق کی پامالی جاری رکھی ہوئی ہے بھارت نے سرینگر میں جی ٹوئنٹی کا اجلاس کرکے یہ بتانے کی کوشش کی کہ مقبوضہ کشمیر ایک پرامن علاقہ ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے، کشمیری عوام کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے، اقوام متحدہ میں کشمیر کی قراردادیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوجاتا اس خطہ میں امن قائم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو باہم مربوط کرکے تحریک آزادی کشمیر کا اصلی بیس کیمپ بنایا جائے۔