برطانوی حکومت پر ہر مرتبہ ہالی روڈ وزراء کی راہ روکنے کا الزام

May 30, 2023

لندن (پی اے) سکاٹ لینڈ کے ڈپازٹ ریٹرن سے متعلق وزیر لورنا سلیٹر نے برطانوی حکومت پر ہر مرتبہ ہالی روڈ وزرا کی راہ روکنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے ویسٹ منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں DRS اسی وقت آگے بڑھ سکتا ہے، جب اس میں مناسب تبدیلیاں کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ کلیدی تبدیلی گلاس کی بوتلوں کو اسکیم سے خارج کرنا ہے، جس پر اگست سے کی جانے والی تاخیر کے بعد اب مارچ 2024 میں عملدرآمد ہونا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس فیصلے سے بڑے پیمانے پر غیر یقینی کی صور ت حال پیدا ہوگئی ہے۔انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی اور سوشل مسائل سے نمٹنے اور کچرے اور گندے پانی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے یقینی طور پر اختیارات کی منتقلی ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ ویسٹ منسٹر نے ہر مرحلے پر خواہ وہ مساوات کا مسئل ہو یا ماحولیات کا مسئلہ ہو، ہماری راہ روکنا شروع کردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ تباہ کن بات ہے اور اسکاٹ لینڈ کیلئے توہین آمیز ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی کنزرویٹو رکن مارس گولڈن نے الزام لگایا ہے کہ لورنا سلیٹر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ برطانوی حکومت پریشان حال تاجروں کی فریاد سن رہا ہے، جو پورے برطانیہ پر مبنی پالیسیاں چاہتے ہیں۔ جمعہ کی رات برطانوی وزرا نے سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کو لکھا ہے کہ اس اسکیم کو آگے بڑھانے یعنی اس پر عملدرآمد شروع کرنے کیلئے حکومت صرف پیٹ بوتلوں، ایلمونیم اور اسٹیل کے کینز کو برطانیہ کی اسی طرح کی اسکیموں کو اس میں شامل کرسکتی ہے جو 2025تک نافذ العمل ہوگی۔ سکاٹش وزرا برطانیہ کے انٹرنل مارکیٹ ایکٹ سے زبردستی استثنیٰ مانگ رہے ہیں لیکن اس سے4 ممالک کے درمیاں تجارت کے حوالے سے خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔ گلاس کی بوتلیں انگلینڈ اور شمالی آئر لینڈ کے DRSکے پلان میں شامل نہیں ہیں۔ برطانوی وزرا کا کہنا ہے کہ سکاٹ لینڈ کی اسکیم میں گلاس شامل کرنے سے مارکیٹ میں ایک مسلسل اختلاف پیدا ہوجائے گا۔برطانیہ کی ماحولیات سے متعلق وزیر تھریسا کوفے، سکاٹ لینڈ سے متعلق امور کے وزیر ایلسٹر جیک اور بین الحکومتی تعلقات سے متعلق امور کے وزیر مائیکل گوو نے کہا ہے کہ تاجروں اور کنزیومرز کیلئے بہت اہم قدم ہے اور اس کا مناسب جواز نہیں ہے۔ سلیٹر کا کہنا ہے کہ اس سے سسٹم میں بڑے پیمانے پر غیریقینی پیدا ہوگئی ہے، اب ہمیں واپس جا کر سکاٹ لینڈ کے تاجروں سے اسکیم کیلئے اپنے ڈلیوری کے طریقہ کا رکے حوالے سے بات کرنا ہوگی اور یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا ہمارے پاس ایسی قابل عمل اسکیم موجود ہے، جس کے تحت پیش رفت ممکن ہوسکے کیونکہ بہت اہم تبدیلی ہے، جتنی جلد ممکن ہوگا، ہم ایسا کریں گےلیکن ایک اسکیم تیار کرنے میں، جس میں گلاس نہ ہو کچھ وقت تو لگے گا۔