ابرار الحق نے لندن میں کنسرٹ کرنے پر قوم سے معافی مانگ لی

May 30, 2023

پاکستانی معروف گلوکار و سابق سیاستدان ابرارالحق نے لندن میں کنسرٹ کرنے پر قوم سے معافی مانگ لی۔

گزشتہ روزابرارالحق کی جانب سے لندن میں کیے گئے میوزک شو کی متعدد ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن پر اُنہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ناصرف سوشل میڈیا بلکہ لندن میں بھی اوورسیز پاکستانیوں نے ابرارالحق پر برہمی کا اظہار کیا تھا جس پر گلوکار نے قوم سے معافی مانگ لی ہے۔

گزشتہ شب ابرارالحق نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

اس دوران اُن کا کہنا تھا کہ ہم بے وفا لوگ نہیں ہیں، غلطی تسلیم کرتا ہوں کہ لوگ دکھی ہیں اس لیے کنسرٹ نہیں کرنا چاہیے تھا، اگر لوگ مجھ سے ناراض ہوتے ہیں تو مجھے یہاں (لندن) نہیں آنا چاہیے تھا، میں نے آج اپنی اس غلطی کو تسلیم کیا ہے۔

ابرارالحق نے مزید کہا کہ اُنہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ عوام کو قائل نہیں کر سکیں گے، یہ ایک اسپتال کے لیے کیا گیا کنسرٹ ہے، اُن کا فلاحی ادارہ ’سہارا‘ عطیے پر چلتا ہے، اس کنسرٹ کا مقصد عطیہ جمع کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں نے لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے تو میں نے اس کی معافی مانگی ہے۔

خیال رہے کہ لندن روانگی سے قبل ابرار الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر وہ آبدیدہ ہوگئے تھے۔