لاہور قلندرز کا یتیم بچوں کیلئے حوصلہ افزا اقدام

June 01, 2023

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیگٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی ایم) کے تحت اب یتیم بچوں کے ٹرائلز لیں گے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیت دیں گے۔

لاہور قلندرز اور فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت یتیم بچوں کی کرکٹ اسکلز پر کام کیا جائے گا۔

معاہدے پر سی ای او عاطف رانا اور احمد حماد رشید نے دستخط کیے۔

اس موقع پر عاطف رانا نے کہا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ نچلی سطح سے ہیروز پیدا کریں جو ملک کا امیج بہتر کریں۔

انہوں نے کہا کہ اب ایسے بچوں کےلیے کام کر رہے ہیں جنہیں پلیٹ فارم میسر نہیں۔

فلاحی تنظیم کے صدر احمد حماد رشید نے کہا کہ یتیم بچوں کی مہارت جانچنے کے لیے لاہور قلندرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔