ہنگری کا یوکرین کی مزید مدد نہ کرنے کا اعلان

June 05, 2023

بڈاپسٹ (نیوز ڈیسک) ہنگری نے یوکرین کی مزید مدد نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارٹو کا کہنا تھا کہ بڈاپیسٹ یوکرین کو یورپی یونین کی فوجی مدد کی اگلی قسط اور روس پر کسی بھی نئے پابندیوں کے پیکیج کو اس وقت تک روکے گا جب تک کیف ہنگری کے بینک او ٹی پی کو جنگ کے معاونین کی فہرست سے ہٹا نہیں دیتا۔ ہنگری نے یورپی یونین کی جانب سے یوکرین کے لیے فوجی امداد کی اگلی قسط کی منظوری دینے سے انکار کر دیاہے۔ یورپی یونین نے اب تک ای پی ایف کے تحت یوکرین کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 3.6 ارب یورو فراہم کیے ہیں۔ دوسری جانب یورپی ملک جارجیا نے روس کے لیے براہ راست پروازیںدوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔اس فیصلے پر یوکرین اور یورپی یونین کی جانب سے جارجیا حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ماسکو نے گزشتہ ہفتے جارجیا کے ساتھ تعلقات میں نمایاں بہتری کے ساتھ پروازوں پر پابندی ہٹا دی تھی۔ یوکرین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دنیا روس کو الگ تھلگ کر رہی ہے تاکہ اسے جنگ روکنے پر مجبور کیا جا سکے لیکن جارجیا روسی ائر لائنز کا خیرمقدم کر رہا ہے اور اسے ماسکو بھیج رہا ہے جب کہ جارجیائی علاقے کا 20 فیصد حصہ روس کے قبضے میں ہے۔ ادھر چین کے خصوصی نمائندے اور روس میں سابق سفیر لی ہوئی نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے ملاقات کی ۔ اس دوران یوکرین میں جنگ کے خاتمے سے متعلق گفتگو کی گئی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ یورپی امور کیلئے چین کے خصوصی نمائندے اور روس میں سابق سفیر لی ہوئی نے وفد کے ساتھ یوکرین کا 2روزہ دورہ کیا ۔ یوکرین کے وزیر خارجہ نے چینی وفد پر واضح کیا کہ وہ روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے کسی ایسی تجویز کو قبول نہیں کریں گے جس میں اس کے مقبوضہ علاقے روس کو دینے پر زور دیا جائے۔