زرغون اسکیم کے مسائل پر کیسکو چیف اور کیو ڈی حکام سے رابطوں کا فیصلہ

June 05, 2023

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ زرغون ہاؤسنگ اسکیم میں ٹرانسفارمرز کی چوری اور بجلی کے مسائل پر اگرچہ کیسکو چیف کو با ضابطہ آگاہ کیا گیا ہے تاہم ایسوسی ایشن نے ان تمام معاملات پر اب کیسکو چیف سے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جس میں خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی، سڑکو ں پر بجلی کے پولز کی اسٹے وائر کی موجودگی اور دیگر مسائل سے انہیں آگاہ کیا جائیگا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن کے متعدد رابطوں پر کیو ڈی اے حکام نے اسکیم کی مغربی سمیت خار دار تاروں کی تنصیب، پانی کی سپلائی کو باقاعدہ بنانے اور چار دیواری کو تحفظ دینے سمیت کئی وعدے کیے مگر تا حال حقیقت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ حکام نے ایسوسی ایشن کو بتایا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد خار دار تار لگانے کا کام شروع کیا جائیگا مگر عملاً اب تک تمام معاملات و مسائل جوں کے توں ہیں۔ بیان میں کیو ڈی اے حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنا ئیں اور اسکیم کو محفوظ بنائیں۔ بیان میں بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی توجہ گزشتہ سال کی بارش میں بہہ جانے والے بائی پاس کی جانب مبزول کراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاقے کی ایک تنظیم نے اس جگہ پر حادثات کی روک تھام کیلئے کچھ ملبہ ڈلوایا تھا جس سے نہ صرف آنے جانے والوں کو سہولت ہوئی بلکہ حادثات کا عمل بھی رک گیا۔اب ایک بار پھر بارش کا موسم شروع ہونے کو ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق اس بار بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ بی ڈی اے گزشتہ بارش میں بہہ جانے والے بائی پاس کی مرمت اور اسے آئندہ بارش میں کسی نقصان سے محفوظ بنانے پر فوری توجہ دے ورنہ شدید بارش کی صورت میں اس بائی پاس کی مکمل تباہی کا خدشہ ہے جس سے نہ صرف اس سڑک سے روزانہ گزرے والے لاکھوں لوگوں کا رابطہ شہر سے کٹ جائیگا بلکہ نشیب میں بسنے والی ایک بڑی آبادی بھی لپیٹ میں آ جائیگی جس سے مالی کے ساتھ ساتھ جانی نقصانات کا بھی اندیشہ ہے۔