جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس، ملکی صورتحال کا جائزہ

June 05, 2023

لاہور (نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوری ٰ کا اجلاس امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی صدارت میں منصورہ میں ہوا۔ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ،عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے مشاورت کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ، وقاص بٹ، حافظ ساجد اقبال، ضیا الدین انصاری، ذکر اللہ مجاہد،محبوب الزمان بٹ، اکرام الحق سبحانی،رانا تحفہ دستگیر، مظہراقبال رندھاوا، انجینئر اخلاق احمد،چوہدری شوکت،جبران بٹ ا و دیگر بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک میں ایک ہی دن انتخابات ہونے چاہییں تاکہ عوام میں پا ئے جانے والے شدید اضطراب کی کیفیت کا خاتمہ ہو سکے سیاسی اعتبار سے باشعور افراد کو آگے بڑھنا ہو گا،بصورت دیگر ملکی حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 74برسوں سے جاگیر داروں، ووڈیروں اور سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر ہے ۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکام حکومتوں کی بدولت غربت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 116ممالک کی فہرست میں اس وقت 92ویں نمبر پر ہے۔ ملک میں شرح غربت 35.7فیصد ہو چکی ہے ۔