میئر کراچی، جماعت اسلامی اور PTI کی مجموعی نشستیں پی پی اور اتحادیوں سے زیادہ

June 05, 2023

کراچی(جمشید بخاری)کراچی میٹرو پولٹن کارپوریشن میں میئر کے انتخاب میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی مجموعی نشستیں پی پی پی سے بڑھ گئیں پی ٹی آئی کے تمام ارکان کی جانب سے جماعت اسلامی کے میئر کے امیدوار کو ووٹ دینے کی صورت میں جماعت اسلامی کا میئر باآسانی منتخب ہوسکتا ہے.

جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے مجموعی ووٹ192 جبکہ پی پی پی اور اتحادیوں کے مجموعی ووٹ174 ہیں، دوسری صورت میں اگر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں سمیت پی ٹی آئی کے 20ارکان نے پی پی پی کے میئر کے امیدوار کو ووٹ دے دیا تو وہ پہلی مرتبہ کراچی سے اپنا میئر منتخب کرانے میں کامیاب ہوسکتی ہے.

ووٹنگ شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگی ترجیحی ارکان کی جاری کردہ فہرستوں کے بعد پی پی پی کے ارکان کی تعداد ایوان میں155 جماعت اسلامی کے 130 پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد62 مسلم لیگ کے14 جمعیت علما اسلام کے ارکان کی تعداد4 تحریک لبیک کا ایک رکن ہے کے ایم سی میں خواتین کی 81مخصوص نشستوں میں سے پی پی پی کو 34 جماعت اسلامی کو29 پی ٹی آئی کو14 مسلم لیگ کو3 جبکہ جے یو آئی کو ایک نشست ملی یوتھ کی 12مخصوص نشستوں میں سے پی پی پی کو5جماعت اسلامی کو4 پی ٹی آئی کو دو جبکہ مسلم لیگ کو ایک نشست ملی مزدور کسان اور اقلیتی بارہ بارہ مخصوص نشستوں میں سے بھی ان جماعتوں کو اسی تناسب سے بالترتیب پی پی پی کو 5،5جماعت اسلامی کو چار چار پی ٹی آئی کو دو، دو مسلم لیگ کو ایک ایک نشست ملی معذوروں اور خواجہ سرا کے لئے مخصوص دو، دو نشستوں میں سے پی پی پی اور جماعت اسلامی کو ایک ایک نشست ملی، ضلع کیماڑی کی یونین کونسل ساطان آباد کا رزلٹ ابھی جاری نہیں کیا گیا میئر کے انتخاب کے لئے 184ووٹ لینا لازمی ہے دو سے زیادہ امیدوار ہونے کی صورت میں اگر کوئی امیدوار 184ووٹ حاصل نہ کرسکا تو پھر پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا،

ذرائع کے مطابق پی پی پی نے دعوی کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعض ارکان پی پی پی سے رابطے میں ہیں تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پنجاب میں آصف علی زرداری کی جوڑ توڑ کی وجہ سے مسلم لیگ(ن) کے ارکان جماعت اسلامی سے رابطے میں ہیں۔