روس کا بالٹک سمندر میں بحری مشقیں کرنے کا اعلان، نیٹو بھی مشقوں میں مصروف

June 06, 2023

ماسکو(نیوزڈیسک)روس نے بالٹک سمندر میں بحری مشقیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا، صرف ایک دن قبل نیٹو رکن ممالک نے اپنی سالانہ بالٹک مشقیں شروع کی تھیں جوجاری ہیں۔نیٹو کے 6 ہزار اہلکار، 50 بحری جہاز اور 45سے زائد طیارے مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ فن لینڈ بھی بحری مشقوں میں بطور اتحادی رکن شرکت کر رہا ہے۔روس کی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ 40بحری جہاز اور کشتیاں، 25طیارے اور ساڑھے 3ہزار اہلکار اس کی طرف سے شروع کردہ مشقوں میں شریک ہوں گے جو 15جون تک جاری رہیں گی۔ ماسکو نے جاپان کے سمندر اور سمندرِ اوکھوتسک (Okhotsk) میں بھی مشقیں شروع کی ہیں جس میں اس کے 60 بحری جہاز اور کشتیاں حصہ لیں گی۔