گریٹر مانچسٹر میں چاقو زنی کی وارداتوں میں دو افراد ہلاک، لوگوں میں خوف وہراس

June 06, 2023

بری (خورشید حمید/ غلام مصطفیٰ مغل) گریٹر مانچسٹر میں چاقو زنی کی وارداتوں میں دو افراد ہلاک ہو گئے جس نے پولیس کنٹرول پر سوالیہ نشان چھوڑ دئیے ہیں جب کہ اس سے خاندان اور کمیونٹی کے لوگ خوفزدہ اور پریشان ہیں ،چاقو زنی کے ذریعے ہلاکت کی دو مختلف وارداتیں ٹریفورڈ میں ہوئیں جس میں ایک 21سالہ شخص صلاح ایلڈن آدم ہلاک ہو گیا، پولیس کاقیاس ہے کہ مقتول اس وقت ہلاک ہوا جب وہ اپنے ایک دوست کی مدد کر رہا تھا جس پر حملہ ہوا تھا، واردات کے حوالے سے ٹریفورڈ پولیس نے بتایا ہے کہ مقتول چاقو کے پے در پے وارداتوں سے شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوا ، پولیس کا خیال ہے کہ مقتول کے دوست کادو نوجوان پیچھا کر رہے تھے جن میں ایک مکس رنگ کا اور دوسرا سیاہ فام تھا تاہم جب انہوں نے مقتول کے دوست پرحملہ کیا تو مقتول آدم نے اپنے دوست کی مدد کی جس کے بعد حملہ آوروں نے اس پر بھی حملہ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا ،نوجوان ملزمان کے بارے میں قیاس کیا جاتا ہے کہ وہ کالے رنگ کی ماؤنٹین بائیسکل اور پیلے رنگ کی بیرل ہائر بائیک پر سوار تھے ، پولیس نے پانچ افراد سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے جن کے بارے میں یہ یقین کیا جاتا ہے کہ وہ واقعہ کے وقت علاقے میں موجود تھے، پانچوں افراد سیاہ لباس پہنے بائیک چلا رہے تھے، پولیس نے ایک15سالہ لڑکے کو قتل کے اقدام میں گرفتار کیا ہے جب کہ ایک 16سالہ لڑکے کو خطرناک ہتھیار قبضے میں رکھنے کی الزام میں گرفتار کیا ہے جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ،گریٹر مانچسٹر پولیس ٹیم کے ڈپٹی چیف انسپکٹر جینا برنارڈ نے مقتول کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقتول نے اپنے دوست کی جان بچانے کی کوشش میں اپنی جان دے دی، ہم مقتول کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں جو اس وقت سخت صدمے سے گزر رہے ہیں، گریٹر مانچسٹر پولیس ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور مستقبل میں بھی انہیں امداد فراہم کرے گی، مقتول آدم کے دوست جائے وقوعہ پر اکٹھے ہوئے اور انہوں نے مقتول کو خراج تحسین پیش کیا ،دوسری واردات میں ایک 44سالہ شخص ڈرئیلزڈن میں چاقو زنی کے واقعہ میں ہلاک ہوگیا، چاقو کی اس واردات میں مقتول کو ہسپتال لے کر جانے میں ائر ایمبولینس کا استعمال کیا گیا مگر تمام اقدامات مقتول کو موت کے منہ میں جانے سے نہ بچایا جاسکا، پولیس کو کال ملی تھی کہ ایج لین میں چاقو زنی کی واردات ہوئی ہے تاہم چاقو لگنے کے 45منٹ بعد مقتول کی موت کنفرم کر دی گئی، ابھی تک قتل میں ملوث کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا، پولیس کا کہنا ہے ملزم کسی نامعلوم منزل کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس موقع پر قتل کی تفتیش کر رہی ہے ،پولیس فورسز آشٹن نہر کے کنارے بھی سرچ کر رہی ہے کہ ملزم کا کوئی سراغ مل سکے - پولیس سپرنٹنڈنٹ فل ڈیوس نے بتایا کہ پولیس مقتول کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہ کر تفتیش کر رہی ہے، سپیشل فورس کے لیژان افسر قتل کی اس اندوہناک واردات کے بعد مقتول کے خاندان کو سپورٹ فراہم کر ر ہے ہیں جب کہ پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کی سرتوڑ کوشش کر رہی ہے تاہم ہم ابھی تک یہ کنفرم نہیں کہ کیا ملزم مقتول کو جانتا تھا یا نہیں، مقتول کے رشتہ داروں اور کمیونٹی کے افراد سے پوچھ گچھ کرہے ہیں تاکہ صحیح ملزم تک پہنچ سکیں ،انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ اس واقعہ سے ڈرئیلزڈن کمیونٹی کے اندر خوف وہراس پیدا ہوا ہے کیونکہ یہ واقعہ ایک شاک سے کم نہیں ہے، ہم نے کمیونٹی کی تسلی کیلئے پیدل اور گاڑیوں میں فاضل افسروں کو موقع پر گشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔