ایران نے نئے بیلسٹک میزائل کی رونمائی کردی

June 06, 2023

تہران ( نیوز ڈیسک) ایران نے طویل فاصلے سے مار کرنے والے خرمشہر بیلسٹک میزائل کی جنریشن 4 کو خیبر کے نام سے متعارف کرادیا ۔ نئے میزائل کی رینج 2ہزار کلومیٹر ہے اور یہ 1500کلوگرام وار ہیڈ لے جا سکتا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا یہ پروگرام خالصتاً دفاعی ہے ۔ ایران نے امریکا کی مخالفت اور یورپی ممالک کی طرف سے تشویش کے اظہار کے باوجود اپنے میزائل پروگرام بالخصوص اپنے بیلسٹک میزائلوں کو وسعت دی ہے۔ ایرانی خبررساں ادارے ایرنا کے مطابق ایران کے جدید ترین بیلسٹک میزائل کی رونمائی ایک تقریب میں کی گئی جس میں ایرانی وزیر دفاع نے بھی شرکت کی۔اس تقریب میں وزارت دفاع کی ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن کی تازہ ترین مصنوعات کو بھی متعارف کروایا گیا ۔ دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں امریکی ہتھیاروں کی پہنچ سے باہر انتہائی گہرائی میں جوہری تنصیب پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ سٹیلائٹ کی مدد سے حاصل کی گی تصاویرکے تجزیے سے اس تنصیب کے زیر زمین ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ تنصیب پر کام وسطی ایران میں واقع زگروس پہاڑوں کی ایک چوٹی کے قریب جاری ہے۔ امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل ایک ڈراؤنا خواب ہو گا، جس سے ایک نئی کشیدگی پیدا ہو جانے کا خطرہ ہو گا۔ نئی جوہری تنصیب کی تعمیر سابق امریکی ٹرمپ کی جانب سے ایرانی جوہری معاہدے سے علاحدگی کے 5سال بعد ہو رہی ہے۔