مختلف ممالک میں فنڈز رکنے سے ائر لائنز کی مشکلات بڑھ گئیں

June 06, 2023

نیویارک (نیوزڈیسک) دنیا کے مختلف ملکوں میں ائر لائنز کے فنڈز روکنے کے معاملے پر انٹرنیشنل ائر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) نے فنڈز رکنے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔پاکستان میں ایئر لائنز کے 188ملین ڈالرز کے فنڈز رکے ہوئے ہیں، ایاٹا کے مطابق نائجیریا میں ائر لائنز کے 812ملین ڈالر، بنگلادیش میں 214ملین ڈالر، الجیریا میں 196ملین ڈالر، لبنان میں 141ملین ڈالر پھنسے ہوئے ہیں۔ایاٹا کے مطابق فنڈز رکنے کی وجہ سے ائر لائنز کیلئے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ایاٹا نے کہا کہ طویل وقت کے لیے فنڈز رکے رہنا ائر لائنز کے بزنس کے لیے خطرہ ہے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ائر لائنز انڈسٹری کے دنیا بھر میں بلاک شدہ فنڈز اپریل 2023میں 47 فیصد اضافے سے 2.27بلین ڈالر ہوگئے ہیں۔ ایاٹا کے مطابق اپریل 2022 میں بلاک شدہ فنڈز 1.55بلین ڈالر تھے۔ پاکستان سمیت جن ممالک میں فنڈز پھنسے ہیں وہاں ایئرلائنز کا فلائٹ آپریشن جاری رکھنا مشکل ہوگا۔ ایاٹا نے کہا کہ تمام حکومتوں کو اس صورتحال کے حل کےلیےصنعت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بروقت فنڈز ملنے سے ایئر لائنز اپنی سروسز جاری رکھ سکیں گی۔