طالبہ حنا بشیر کے قتل کے مقدمے کی کارروائی شروع ہوگئی

June 06, 2023

لندن (سعید نیازی) پاکستان سےپڑھائی کی غرض سےلندن آنے والی طالبہ حنا بشیر کے قتل کے الزام میں محمد ارسلان کے خلاف کریمنل کورٹ اولڈبیلی میں مقدمہ کی کارروائی کا آغازپیر سے ہوگیا، 21 سالہ حنا بشیر کو گزشتہ برس جولائی میں قتل کر دیا گیا تھا اور اس کی لاش اپ منسٹرکے علاقے سے ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے حنا کے قتل کے الزام میں 26 سالہ محمد ارسلان کو گرفتار کیا تھا۔ کوونٹری یونیورسٹی لندن میں زیرتعلیم حنا بشیر کو 11 جولائی کو آخری مرتبہ زندہ دیکھا گیا، وہ کوئین میری یونیورسٹی میں سیکورٹی کمپنی کیلئے کام بھی کرتی تھی۔ حنا کے والد بشیر خان نے بیٹی کی طرف سے جواب نہ ملنے پر سیکورٹی کمپنی سے رابطہ کیا تھا۔ 14 جولائی کو اسے لاپتہ قرار دیا گیا اور 17 جولائی کو اس کی لاش ملی تھی۔ نومبر میں ابتدائی سماعت کے دوران محمد ارسلان نے قتل کے جرم اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے سے انکار کیا تھا۔ آج منگل سے اولڈی بیلی میں مقدمہ کی سماعت کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور خیال ہے کہ مقدمہ تین ماہ تک چل سکتا ہے۔ حنا بشیر کے والد اور خاندان کے دیگر افراد لندن پہنچ چکے ہیں۔ پیر کو مقدمہ کی کارروائی کیلئے 12 رکنی جیوری نےحلف بھی اٹھایا ہے۔