بچوں کے ڈاکٹروں نے ڈسپوزیبل ویپ پر پابندی کا مطالبہ کردیا

June 07, 2023

لندن (پی اے) بچوں کے ڈاکٹروں نے ڈسپوزیبل ویپ پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بچوں کےڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ڈسپوزیبل ویپ بچوں کے پھیپھڑے تباہ کر دیتی ہے اور اس سے ماحول بھی پراگندہ ہوتا ہے، لیکن انسداد تمباکو نوشی گروپ نے ڈاکٹروں کے اس مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بالغوں کو تمباکو نوشی ترک کرنے کیلئے ڈسپوزیبل ویپ حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا اور اس کی غیر قانونی تجارت میں اضافہ ہو جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق برطانوی حکومت 18سال سے کم عمر کے بچوں میں ویپنگ روکنے کیلئے اقدامات پر غور کر رہی ہے ان اقدامات میں ویپنگ پروڈکٹس کی مارکٹٹگ کیلئے سخت قوانین کا نفاذ شامل ہے۔ برطانیہ میں بچوں کو ویپس یا ای سگریٹس کی فروخت پر پابندی ہے لیکن اس پابندی کے باوجود 11سے 17سال کے بچوں میں ویپنگ کو نہیں روکا جا سکا ہے اور یوگوو کے سروے کے مطابق گزشتہ سال 7.7فیصد بچے ویپنگ کر رہے تھے جبکہ رواں سال ان کی شرح بڑھ کر 11.6فیصد ہو گئی ہے۔ سروے کے مطابق 16سے 17سال عمر کے 15فیصد اور 18 سال عمر کے 18فی صد بچے ویپ کرتے ہیں۔ شوخ رنگ کی نکوٹین سے بھرپور ویپ مختلف ذائقوں میں دستیاب ہے اور انہیں استعمال کرنے کے بعدپھینک دیا جاتا ہے ۔ بچوں میں یہ بہت مقبول ہے اور 5پونڈ میں ہر دکان پر دستیاب ہے۔ وزیراعظم رشی سوناک نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ ویپس کو بچوں کو لبھانے کیلئے ڈیزائن کیا جا رہا ہے جبکہ یہ ترک تمباکو نوشی کیلئے بالغوں کی ضرورت ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر نے بتایا ہے کہ وہ ویپ پر پابندی عائد کرنےپر غور کر رہے ہیں۔