امریکی شہر کلیولینڈ میں 14 روز کے دوران 30 بچے لاپتا

June 07, 2023

واشنگٹن (نیوزڈیسک) امریکا میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ 2ہفتوں کے دوران 30بچے لاپتا ہونے پر پولیس حکام نے بھی سر پکڑ لیا۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہر کلیو لینڈ میں 14روز کے دوران 12 سے 17سال کی عمر کے تقریباً 30بچے لاپتا ہوچکے ہیں پے در پے ہونے والی ان وارداتوں سے ملک میں انسانی اسمگلنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں کے بارے میں خدشات مزید بڑھ رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیو برگ ہائٹس پولیس کے چیف جان ماہوئے نے بتایا ہے کہ 2تا 16مئی کے درمیان شہر سے کم از کم 27بچے لا پتا ہوئے۔کلیولینڈ مسنگ تنظیم کے صدر نے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیرمعمولی قرار دیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں تاحال یہ نہیں معلوم ہوا ہے کہ آیا ان بچوں کو انسانی تجارت کے لیے یا منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا گیا ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور ملوث ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کلیولینڈ اور اوہائیو کے دیگر علاقوں میں گمشدہ بچوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کیا گیا ہے۔