سوڈان کے متحارب فریقین پر نئی امریکی پابندیاں

June 07, 2023

خرطوم (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ سوڈانی فوج اور آر ایس ایف ملیشیا کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کے باعث فریقین پر مزید پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ 15اپریل سے جاری لڑائی میں سیکڑوں افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔ وزیرخارجہ انتھونی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا ان افراد پر ویزے کی پابندیاں عائد کرے گا، جوسوڈان میں امن اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے ذمے دار ہیں۔ ان افراد پر اقتصادی پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی ۔ بلنکن کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں جدہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں عائد کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ متحارب فریقین کے وفود نے سعودی دارالحکومت میں ملاقات کی تھی اور شہری آبادی کے تحفظ اور انسانی امداد کو فعال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے 30ٹن خوراک اور ادویہ پر مشتمل امدادی سامان کی کھیپ سوڈان پہنچا دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے سوڈان کے متاثر شہریوں کے لیے امدادی سامان کی یہ گیارہویں کھیپ ہے۔