پاکستان اور روس کا علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

June 07, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ روسی فیڈریشن کونسل کے سپیکر ویلینٹینا میٹاوینکو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے امور زیر بحث لائے گئے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فعال بنانے کیلئے فریقین نے پارلیمانی روابط اور وفود کے تبادلوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ سینیٹ وفد کا دورہ روس اور اہم ملاقاتوں سے تعاون کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، ثقافت اور عوام سے عوام کے تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں معززین نے پاکستان روس تعلقات میں جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے اور خوشحالی کیلئے تعاون بڑھانے کے حوالے سے نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔