9 مئی ماسٹر مائنڈ، مضبوط گرفت کا وقت، بگاڑ پیدا کرنے اور فرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام کوششیں بے سود ہیں، آرمی چیف

June 08, 2023

راولپنڈی(اے پی پی)پاک فوج کی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کرتے ہوئے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے‘ شہدا کی یادگاروں‘ جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کرکیفر کردار تک پہنچایا جائےجبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر پُرتشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے‘ ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈہ کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں ،قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔بگاڑ پیدا کرنے کی اورٖفرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سودہیں۔ کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کونہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی ۔ فورم نے شہداء کی عظیم قربانیوں جن میں مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سُوسائٹی کے شہداء شامل ہیں، کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔جنرل سید عاصم مینر نے کہا کہ رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداء پاکستان اور اِن کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی ، پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہر ے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں ۔ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ، افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔