یارکشائر ایشین ینگ اچیور کے سالانہ ایوارڈز کی نامزدگیوں کا آغاز

June 08, 2023

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) کیوای ڈی نے سال 2023کے لیے یارکشائر ایشین ینگ اچیور کے سالانہ ایوارڈز کی نامزدگیوں کاآغاز کر دیا ہے یہ سالانہ ایوارڈ شو اس وقت اپنے چوتھے سال میں ہے اور یارکشائر میں نوجوان ایشیائی لوگوں کی کامیابیوں کوتلاش کرنے اور ان کا جشن منانے کے لیے یارکشائر کے نوجوانوں کو سامنے لا رہا ہے جنہوں نے ترقی کی راہ میں حائل روایتی رکاوٹوں کو توڑ کر کامیابیاں حاصل کی ہیں. کیو ای ڈی کے چیف ایگزیکٹو محمد علی او بی ای اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو دیبہ ملک ایم بی ای نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیو ای ڈی نے چار سال قبل جب اپنے 30 سال مکمل کیے تھے اس وقت یارکشائر ایشین ینگ اچیور ایوارڈ دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا. اس کا مقصد یہی ہے کہ یارکشائر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ان کی اچیومنٹ کو تسلیم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس سال یارکشائر ایشین ینگ اچیور کے ایوارڈ کے لیے یارکشائر میں پیدا یا رہنےوالے جنوبی ایشیائی ورثے کے 16 سے 30 سال کی عمر کے نوجوان کو نامزد کرنے کی آخری تاریخ 19 جون ہے یہ ایوارڈ مختلف شعبوں جن میں کھیل، صحت، فنون لطیفہ اور تخلیقی صنعتوں میں غیر معمولی کامیابیاں شامل ہیں،اس کے علاوہ میڈیا، تعلیم، نجی شعبہ، پبلک سیکٹر، غیر منافع بخش شعبہ، نوجوان کاروباری اور اسکول یا کالج میں کامیابیاں حاصل کرنے والوں کو بھی ان کیٹیگری میں ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جائے گا۔ اس موقع پر گزشتہ برس ایوارڈ اپنے نام کرنے والے نوجوانوں نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔سحر اعجاز ،اسماعیل حسین اور عبید حسین جنہوں نے گزشتہ برس یارکشائر ایشین ینگ اچیور کا ایوارڈ حاصل کیا کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کی کامیابیوں اور صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے دوسرے نوجوانوں کو بھی ہم یہی پیغام دیتے ہیں کہ وہ محنت کریں کامیابیاں ان کے بھی قدم چوکے گی ۔