70سالہ معمر خاتون نے بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کرلی

June 08, 2023

جدہ (جنگ نیوز)سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ معمر خاتون سلویٰ العمانی نے اپنی بیچلرز کی ڈگری مکمل کرکے اس بات کو سچ کر دکھایا کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی مخصوص عمر نہیں ہوتی۔ جیو نیوز نے عرب میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ سلویٰ العمانی نے امام عبدالرحمٰن بن فیصل یونیورسٹی سے سوشیالوجی میں بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کی اور اس موقع پر خاتون کی خوشی دیدنی تھی جب کہ انہوں نے اس حوالے سے اپنی جدوجہد کے بارے میں بھی بتایا۔خاتون کے مطابق انہوں نے جب جوانی میں بیچلر کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے یونیورسٹی میں داخلہ لیا تو اپنے لیےکیمسٹری کے مضمون کا انتخاب کیا لیکن جلد شادی ہونے کے سبب انہیں تعلیم چھوڑنا پڑی۔ سلویٰ العمانی نے 46 سال گزر جانے کے بعد 2016 میں دوبارہ تعلیم مکمل کرنے کا سوچا لیکن اتنے لمبے وقفے کے بعد ازسرِ نو تعلیم حاصل کرنے میں انہیں کافی مشکلات پیش آرہی تھیں اور سب سے اہم بات یہ کہ وہ اپنی گزشتہ تعلیمی اسناد کھو چکی تھیں۔بعد ازاں کسی طرح انہیں جامعہ میں داخلہ مل گیا جس کے بعد انہوں نے تعلیم مکمل کی۔گریجویشن مکمل کرنے سے متعلق خاتون نے کہا کہ میری گریجویشن اور یونیورسٹی کے اسٹیج پر مجھے عزت دینے کا لمحہ متاثر کن اور لازوال ہے کیونکہ میں نے 46 سال تک اس کا انتظار کیا، یہ یاد میرے ذہن میں رہے گی جب تک زندہ رہوں گی۔